سوشل میڈیا پوسٹیں، اشتہارات بنوانے، ویڈیو ایڈیٹنگ کے لیے ہمارے واٹس ایپ نمبر پر رابطہ کریں۔ واٹس ایپ: 03455641735

شادی کی پہلی رات دلہن کو کونسی باتیں بتائی جائیں


شادی کی پہلی رات دلہن کو کونسی باتیں بتائی جائیں

ویسے تو آجکل "لو میرج" ہو یا پھر "ارینج میرج" شادی سے قبل ہی لڑکی لڑکے کے مابین بات چیت کا سلسلہ چل پڑتا ہے، لیکن کئی جگہوں پر آج بھی شادی سے قبل بات چیت نہیں کی جاتی، بعض اوقات تو دلہن دولہے نے اک دوسرے کو دیکھا تک نہیں ہوتا۔

اچھا اس طرح کی ان دیکھی شادیاں جب ہوتی ہیں تو لڑکوں کے دوست دلہے کو سمجھا رہے ہوتے ہیں کہ تم نے رعب ڈال کے رکھنا ہے، تم نے فلاں فلاں باتیں کرنی ہیں، تم نے پیرنٹس کی خدمت کا مطالبہ کرنا ہے وغیرہ وغیرہ۔

ایسی صورت میں اپنے والدین بہن بھائیوں کو چھوڑ کر آنے والی تازہ دلہن کو اپنوں سے جدائی کا الگ سے صدمہ ہوتا ہے اوپر سے نئی پابندیاں اور سخت قواعد و ضابط سن کر اسے مزید گھٹن سی محسوس ہونے لگتی ہے۔ شاید جو ارمان اس نے پال رکھے ہوتے ہیں ان کی کشتی اسے ڈوبتی نظر آنے لگتی ہے۔

اگر آپ شادی کی پہلی رات نصیحت کرنا ہی چاہتے ہیں تو درج ذیل نصیحت کریں، اور پھر اس کے اثرات دیکھیں۔

سب سے پہلے اپنی دلہن کو پیار سے مخاطب کریں، اور اسے بتائیں کے میں کچھ اہم باتیں آپ سے شیئر کرنا چاہتا ہوں۔

آپ کو میں بیاہ کر لایا ہوں، چونکہ آپ مجھے پسند آئی ہو
آپ کے ساتھ ساری زندگی گزارنے کی چاہت اور امید رکھتا ہوں
آپ سے محبت بھی کروں گا، آپ کے جذبات کی عزت بھی کروں گا
رزق جتنا آپ کے نصیب میں ہے آپ کو ملے گا۔ میں صرف ذریعہ ہوں، دینے والی ذات اللہ کی ہے، بھروسہ رکھنا کبھی خیانت نہیں کروں گا۔
مل جائے تو شکر کر لینا، نہ ملے تو صبر کر لینا، اللہ نے کسی کو بہت دیا ہے تو کسی کو بہت ہی کم
کسی کے گھر بڑی گاڑی ہے تو کسی کا گھر چھوٹا، اور کسی کے پاس گھر بھی نہیں۔
یہ اللہ کی تقسیم ہے، اور اللہ کی تقسیم پر راضی رہنا نیک لوگوں کا طریقہ ہے۔ لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں، اپنی استطاعت سے بڑھ کر آپ کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنے کی کوشش کرونگا، پھر بھی کوئی کمی رہ جائے تو معاف کر دینا۔

میں آپ کا لباس ہوں، آپ میرا لباس ہیں
میں آپ کا عکس ہوں اور آپ میرا عکس ہیں
آپ کو آپکے ماضی کے ساتھ قبول کیا ہے، مجھے نہیں پتہ وہ کیسا تھا، اور نہ ہی مجھے جاننا ہے، بس ماضی جو بھی تھا حال بن کر سامنے نہ آئے۔

آپ پر اعتماد میں ایسا کرونگا، جیسے کسی اندھے کو اپنی بیساکھی پر ہوتا ہے، وہ اسے گرنے نہیں دےگی۔

اگر آپ کا میرے ساتھ گزارہ نہ ہو التجا ہے، میری آنکھوں میں دھول نہ ڈالنا، مجھ سے بےوفائی نہ کرنا، بلکہ مجھے دوٹوک کہہ دینا کہ کہ میرا آپ کے ساتھ گزارا نہیں ہو سکتا۔

میں یقین دلاتا ہوں تب بھی آپ پر ہاتھ نہیں اٹھاؤں گا، بلکہ جس باعزت طریقے سے بیاہ کر لایا تھا، اسی طرح باعزت آپ کو آپکے والدین کے ہاں چھوڑ آؤں گا۔

تڑیاں دھمکیاں لگا کر رعب ڈالنے کے چکر میں دشمن بنانے سے بہتر ہے، پراثر دوٹوک اصولی باتیں کر کے مرد ہونے کا ثبوت دو اور دلہن کا دل جیت لو، اسے محسوس ہونے لگے کہ اگر والدین بہن بھائیوں کو چھوڑ کر آئی ہوں تو ان جیسا خیال رکھنے والا میرا دوست میرا شوہر بھی ہے جو میری سنتا ہے، مجھے سمجھتا ہے۔

لڑکی کا شوہر اگر خیال رکھنے والا ہو تو گھر میں موجود نند ساس کی چو چراں کو لڑکی برداشت کر لیتی ہے، لیکن اگر شوہر ہی ماؤں، بہنوں، پھوپھیوں کے ریموٹ سے کنٹرول ہونے والا ہو تو بیوی بغاوت پر بھی اترے گی اور گھر کا سکون بھی تباہ و برباد کر دے گی۔

عورت سے لڑ کر آپ کبھی جیت نہیں سکتے، عورت ہنستے ہوئے بھی آپ کو تباہ کر سکتی ہے، اور مگرمچھ کے آنسو بہا کر بھی۔ اس لیے عورت کا دل جیت کر اس پر کنٹرول کرنا سیکھو۔

آجکل شادیوں کا سیزن چل رہا ہے، اور لڑکوں کو رشتےدار الٹے سیدھے مشورے دیتے ہیں اس لیے سوچا شادی کرنے والوں کی مدد کر دینی چاہیے۔


Post a Comment

Previous Post Next Post