آن لائن فیلڈ کی حقیقت
موجودہ دور میں ڈیجیٹل فیلڈ کی اگر ترقی کو دیکھیں تو عقل حیران رہ جاتی ہے کہ ٹیکنالوجی نے کیسی ترقی کر لی ہے اور دنیا کے نظام کو کیسا عروج بخشا ہے لیکن ابھی کہانی باقی ہے۔
اگر دیکھا جائے تو دنیا میں معاشی انقلاب انہیں چند سالوں میں آیا ہے اور آیا بھی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا ہے مثلاً آپ کرپٹوکرنسی، بٹ کوائن، گوگل، فیس بک، واٹس اپ، امازون وغیرہ کو دیکھ لیں کہ دنیا ان چند سالوں میں کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے۔
گھر بیٹھے ایک کلک پر آپ کچھ بھی کر سکتے ہیں خرید و فروخت ہو یا کوئی سروس ہوآپ کی دہلیز پر پہنچ جاتی ہے، سات سمندر پار اپنے کسی پیارے کو دیکھنا ہو یا دنیا کے کسی کونے میں کچھ بھیجنا ہوسب کچھ ایک کلک کی دوری پر ہے، ٹیکنالوجی کی ایک نئی دنیا معرض وجود میں آچکی ہے۔
کس نے سوچا تھا کہ ہارڈ ورک اتنا سمارٹ ورک ہوجائے گا سالوں کا کام مہینوں پر اور مہینوں کا کام دنوں پر اور دنوں کا کام گھنٹوں میں ہونا ممکن ہوجائے گا آن لائن ورک کے لئے جگہ، وقت اوردوریوں کی قید ختم ہوجائے گی کام کروانے والا دنیا کے کسی کونے میں ہوگا اورکام کرنے والا کسی اور ملک میں نظام کی وسعت کو اتنا قریب کرنا اسی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مرہون منت ہے۔
معاشی جدت کی بات کریں تو کروڑوں اربوں کا بزنس صرف ایک لیپ ٹاپ پر منحصر ہے ملینز ڈالر کی بلڈنگ اور بلینز ڈالر کی پروڈکٹس اور سروس ایک لیپ ٹاپ اور انٹرنیٹ کی محتاج ہے آپ اندازہ کریں کہ ایک فیکٹری ہے جس کی تعمیر پر کروڑوں ڈالر خرچ ہوئے، اس میں موجود مشینری اور پروڈکٹس کی مالیت بلینز میں ہوگی لیکن یہ سب ایک چھوٹے سے کمرے میں ٹیبل کرسی پر بیٹھے لیپ ٹاپ میں مصروف ڈویلپر یا مارکیٹر کے رحم و کرم پر ہے۔
ڈیجیٹل فیلڈ کی اہمیت
سب سے پہلے تو یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ آن لائن فیلڈ ایک وسیع اور اتھاہ گہرائیوں جیسا سمندر ہے اس فیلڈ میں آئے روز ترقی اور وسعت ہورہی ہے اور سوچ سے کہیں زیادہ سکوپ، ڈیمانڈ اور مانگ بڑھ رہی ہے۔
جب کسی فیلڈ میں جگہ بنتی ہے، سکوپ آتا ہے اور ڈیمانڈ بڑھتی ہے تو اس فیلڈ میں ایمانداری، محنت اور استقامت سے زیادہ فراڈ، دھوکہ اور راتوں رات امیر ہونے کی لالچ بھی بڑھ جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ اس فیلڈ میں کامیاب ہونے سے زیادہ ناکام ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔
سمندر جتنا گہرا اور وسیع ہوتا ہے اس سے کچھ حاصل کرنے لئے اسی لیول کا حوصلہ، پریکٹس اور مہارت درکار ہوتی ہے دنیا کی کسی بھی فیلڈ میں مہارت کے لئے ایک طویل عرصہ کی محنت، جدوجہد اور استقامت کے بعد ہی مہارت اور ید طولی حاصل ہوتی ہے وگرنہ اس فیلڈ میں ناکامی اور نامرادی یقینی ہوجاتی ہے قصور اس فیلڈ کا نہیں بلکہ اپنا کیا دھرا ہوتا ہے۔
آن لائن فیلڈ میں فراڈ
جب سے ڈیجیٹل دنیا کا وجود ہوا تب سے ہی اس فیلڈ میں فراڈ ہورہا ہے جیسے جیسے اس فیلڈ نے ترقی کی فراڈ اور دھوکہ دہی نے بھی اسی فیلڈ میں اپنے قدم جمائے یہی وجہ ہے کہ اس فیلڈ میں زیادہ تر لوگ فراڈ کا شکار ہوئے ہیں جیسے جیسے ڈیجیٹل فیلڈ کو عروج ملافراڈز نے بھی اسی تیزی سےاپنا کام دکھایا اور نت نئے طریقوں سے فراڈزہوتے ہیں۔
کوئی راتوں رات امیر ہونے کے دعوے کرتا ہے کوئی ایک کلک سےڈالرز کی بارش ہونے کی نوید سناتا ہے کوئی کہتا ہے کہ فلاں کام کرو بس چند منٹ لگاؤ اور پیسوں سے اکاؤنٹس بھر جائیں گے کہیں ڈیجیٹل منجن کو اس طرح بیچا جاتا ہے کہ بندہ نا چاہتے ہوئے بھی فراڈیوں کے فریب کا شکار ہوجاتا ہے اور سمجھ تب آتی ہے جب سب کچھ لٹا کر بھی ہاتھ کچھ نہیں آتا۔
آپ میں سے کتنے لوگ ہوں گے جنہوں نے آن لائن فیلڈ میں رقم، وقت اور صلاحیتیں گنوائی ہوں گی لیکن حاصل کچھ بھی نہیں ہوا ہوگا یہی وجہ ہے کہ جب کام سیکھا نہ جائے، فیلڈ کو سمجھا نہ جائے اور کسی ماہر تجربہ کار استاد سے سیکھ کر قدم قدم پھونک کر نہ رکھے جائیں تو انجام یہی ہونا ہے کہ کیوں فزیکل دنیا کے مقابلے میں ڈیجیٹل دنیا کا فراڈ زیادہ خطرناک ہے فزیکل بندہ تلاش کرنا آسان ہے لیکن ڈیجیٹل میں کہاں تلاش کرتے پھریں گے۔
آن لائن فیلڈ میں احتیاط
ایک بات یاد رکھیں کہ اگر آپ آن لائن فیلڈ کو اختیار کرنے والے ہیں یا کسی کام کو چھوڑ کر ادھر کا رخ کر رہے ہیں یا اپنی اولاد کو اس فیلڈ میں لانا چاہتے ہیں تو آپ کو بہت سی باتوں کو بہت سے معاملات کو سمجھنا اور سمجھانا ہوگا کیوں کہ یہ فیلڈ بظاہر جتنی آسان نظر آتی ہے اتنی حساس بھی ہے کیوں کہ جس طرح اس فیلڈ کی ارننگ ہوائی ہے اسی طرح اس فیلڈ میں نقصان کا ازالہ سوائے پہلے سے زیادہ محنت کے اور کچھ بھی نہیں۔
دیکھیں سب سے پہلے تو یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ آن لائن فیلڈ اتنی آسان نہیں ہے جتنی بتائی جاتی ہے جو لوگ عرصہ دراز سے اس فیلڈ سے وابستہ ہیں اور ارننگ کر رہے ہیں ان سے پوچھا جاسکتا ہے کہ آپ ابھی اچھی ارننگ کر رہےہیں لیکن اس اچھی ارننگ کے پیچھے کتنے وقت کی ریاضت ہے اور کس قدر محنت لگی ہےاس فیلڈ کو اختیار کیا جاتا ہے اچھی باعزت ارننگ کے لئے تو پھر اس فیلڈ میں جب تک پروفیشنل نہیں بنیں گے تب تک کامیابی کبھی نہیں مل سکتی ۔
ایک مثال سے اس بات کو سمجھتے ہیں کرپٹو ایک ایسی دنیا ہے جو سب فیلڈز سے مختلف ہے اس کو سمجھنے کے لئے اور اس سے کمانے کے لئے صبر، تحمل اور سمجھ بوجھ کا ایک پہاڑ چاہئےاگر آپ کسی ٹریڈر یا مائنر کو دیکھیں گے تو آپ کو نہیں سمجھ آئے گا ٹریڈنگ کی ان لائنوں سے یا مائننگ کی ٹک ٹک سے بھلا کوئی کیسے پیسے کما سکتا ہے جب کہ اسے معلوم ہی نہیں کہ اس کے پیچھے کون سی ٹیکنالوجی کس طریقے سے کام کر رہی ہے اور اس فیلڈ کے پیچھے دنیا کے ذہین ترین لوگوں کا دماغ لگا ہے یہ تب تک سمجھ نہیں آتی جب تک اس کی گہرائی میں نہ جایا جائے۔
اس لئے جو لوگ آپ کوایسے دعوے کرتے دکھائی دیں کہ جی حلوہ ہے بس آکر کھا لو یہ کرو تو کامیابی ہے بس ایسے لوگوں سے میلوں دور ہوجائیں جو لوگ آپ سے کہیں کہ فلاں پروگرام آیا ہے، فلاں ایپ لانچ ہوئی ہے فلاں ویب سائٹ آئی ہے اس پر پیسے لگاؤ ان کے پلان خریدو اور مزے سے بیٹھ جاؤ لیپ ٹاپ گود میں رکھو چند منٹ سکرولنگ کرو، کلکنگ کرو اور اکاؤنٹ میں رقم آتی جائے گی ایسے نوسربازوں سے دور ہوجائیں کیوں کہ یہ بہت گھسا پٹا میتھڈ ہے لیکن اسی میتھڈ کو مختلف طریقوں سے لوگ دوبارہ نئے انداز سے لانچ کر دیتے ہیں اور لوگ فراڈ کا شکار ہوجاتے ہیں۔
آن لائن ارننگ کے حقیقت میں جتنے راستے ہیں اور جنیونلی جتنے طریقوں سے کمایا جاسکتا ہے وہ سب طریقے اور میتھڈ جان، مال، وقت، لگن،محنت اور استقامت مانگتے ہیں کوئی بھی ایسا طریقہ اور میتھڈ نہیں ہے جو آسان ہو جس میں محنت مشقت نہ ہو ہر فیلڈ شروع میں بہت محنت لگن اور استقامت مانگتی ہے جو بندہ اسے اختیار کر لے اور اسے جی جان سے سیکھ جائے اور اپنی فیلڈ میں طاق ہوجائے وہ سدابہار عمر بھر اچھی ارننگ کر سکتا ہے اور اس کی نسلوں تک یہ ترقی و کامیابی منتقل ہوگی کیوں کہ آنے والا وقت ڈیجیٹل فیلڈ کے عروج کا ہے ابھی تو اس امرجنگ ٹیکنالوجی نے وہ وہ حیرت انگیز کام کرنے ہیں کہ عقل و شعور دنگ رہ جائیں گے۔
آن لائن فیلڈ کی اقسام
ڈیجیٹل فیلڈ کی اقسام کی بات کریں تو سینکڑوں ہیں اور پھر ہر قسم کی آگے برانچز ہیں لیکن ہم اس کو مختصراور آسان الفاظ سے سمجھتے ہیں ہم ڈیجیٹل فیلڈ کو تین اقسام پر تقسیم کرتے ہیں۔
1۔ای کامرس/ 2۔ سروسز / 3۔ڈیجیٹل ٹریڈز
ای کامرس یعنی کہ خرید و فروخت کرنا یعنی کوئی پروڈکٹس خریدنا یا بیچنا اس فیلڈ کو ای کامرس کہتے ہیں جیسے امازون، ای بے، علی بابا وغیرہ پر کام کرنا۔
سروسز یعنی کہ اپنی مہارت، صلاحیت اور سکل لگا کر کوئی کام کر کے دینا،یا اپنی کسی صلاحیت کا مظاہرہ کر کے کمانا اور اس کے بدلے معاوضہ لینا جیسےیوٹیوب یا فری لانسنگ کرنا وغیرہ۔
ڈیجیٹل ٹریڈز یعنی کہ ایسا کام جس میں پہلے آپ فزیکل رقم لگاتے ہیں وہ رقم ہندسوں میں منتقل ہوجاتی ہے پھر آپ ان ہندسوں کی رقم کے ساتھ ٹریڈنگ، مائننگ کرتے ہیں اور کماتے ہیں جیسے فاریکس ٹریڈنگ، کرپٹو وغیرہ۔
اب ان تین اقسام میں سے ہر ایک کی آگے برانچز ہیں اور ہر برانچ میں بیسیوں سکلز ہیں جن کے الگ الگ میدان ہیں الگ الگ خریدار اور ضرورت مند ہیں ہر سکل کی الگ مانگ اور ڈیمانڈ ہے ہر کام کا اپنے مدار میں الگ سکوپ ہے۔
ان اقسام کو پہلے سمجھنے کے لئے پھر ان اقسام کی برانچز کو منتخب کرنے اور پھر سکل اختیار کرنے اسے سیکھنے اس میں مہارت حاصل کرنے لئے وقت، صلاحیت، محنت، لگن اور شوق درکار ہوتا ہے اور اگر کوئی قسمت سے مخلص استاد سچا مربی اور ہاتھ تھام کر چلانے والا مہربان استاد مل جائے تو بامِ عروج مل کر ہی رہتا ہے۔
آن لائن فیلڈ میں کامیابی
اگر آپ آن لائن فیلڈ میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں اور اس فیلڈ سے اچھی ارننگ کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اس فیلڈ کو اچھی طرح سمجھنا ہوگا اس کی معلومات حاصل کرنی ہوگی اس فیلڈ کے بارے میں آگاہی حاصل کرنی ہوگی۔
اس کے بعد مطلوبہ فیلڈ کو یکسو ہو کر بھرپور لگن، محنت، شوق اور استقامت سے بیسک ٹو ایڈوانس سیکھنا ہوگا پھر اس فیلڈ کے بعد اس فیلڈ کے کسی ماہر تجربہ کار استاد کا دامن تھامنا ہوگا ایسا استاد جو مطلوبہ فیلڈ میں پہلے سے موجود ہے جس نے اس فیلڈ سے حقیقت میں کمایا ہو اور اس فیلڈ کا حقیقی گرو ہو۔
اگر آن لائن فیلڈ کو سیکھے بغیر سمجھے بنا اختیار کریں گے اور کسی ماہر تجربہ کار استاد سے سیکھیں گے نہیں اس فیلڈ میں اپنا مال اپنی جان اور اپنا وقت نہیں لگائیں گے اپنی بھرپور صلاحیتیں لگا کر لگن، شوق اور استقامت سے سیکھیں گے نہیں تو یقینی بات ہے کہ اپنا مال، جان اور وقت ضائع کریں گے کیوں کہ دنیا کا اصول ہے کہ یہاں کامیاب وہی ہے جس نے اپنی فیلڈ کا حق ادا کیا ہو۔
ایک اصول اپنا لیں کہ آپ جو کام سیکھنا چاہتے ہیں اس کام کے استاد کو پرکھیں اگر اس نے خود اس فیلڈ سے کمایا ہے اور اس فیلڈ میں اتنی مہارت رکھتا ہے کہ آپ کو سکھا کر کمانے کے قابل بنا سکتا ہے اور وہ استاد حقیقت میں سکھانے میں مخلص ہے اس کا جذبہ و شوق بھی ہے تو پھر بلا خوف و خطر کود جائیں جتنی بھی رقم لگتی ہے جتنی فیس اور معاوضہ دینا پڑے دیں یقینا وہ استاد آپ کو کامیاب بنا دے گا۔
یاد رکھیں کہ ڈیجیٹل فیلڈ ایک سمندر کی مانند ہے اور اس فیلڈ میں بہت ہی قابل، مایہ ناز اور مانے ہوئے منجھے ہوئے استاد مینٹور موجود ہیں جنہوں نے اس کام کودور دراز سفرکر کے، ٹھوکریں کھا کر، اس فیلڈ کے ابتدائی ایام میں سیکھا وہ لوگ یقینا قیمتی سرمایہ ہیں جنہوں نے اپنی محنت، اپنی لگن کے بل بوتے پر سیکھا اور آپ کو وہ پلیٹ میں رکھ کر سکھا رہے ہیں اس لئے اگر آپ کے پاس وقت ہے، اپنی ذات پر انویسٹ کر سکتے ہیں اپنے بہتر اور روشن مستقل کے لئے اپنی جان مال وقت لگا سکتے ہیں تو بلا تردد اور بلا دریغ آنکھیں بند کر کے اپنی پوری صلاحیت و قابلیت جھونک دیں اور صبر، تحمل، محنت، شوق، لگن و استقامت سے جڑ جائیں ان شاء اللہ العزیز ایک نہ ایک دن ضرور بہ ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔
